پی این ایس حنین کی شمولیت سے پاک بحریہ کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا، نیول چیف
چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے کہا ہے کہ پی این ایس حنین کی شمولیت سے میری ٹائم سیکیورٹی کیلئے پاک بحریہ کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔
پاکستان کےلیے تیار آف شور پٹرول ویسل پی این ایس حنین کی کمیشننگ کی تقریب منعقد ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب رومانیہ کی بندرگاہ کانسٹینٹا میں ہوئی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ رومانیہ کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف اور رومانیہ کی نیوی کے سربراہ نے بھی شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پی این ایس حنین کثیرالمقاصد اور انتہائی تیز رفتار بحری جنگی جہاز ہے، جو ٹرمینل ڈیفنس سسٹم کے ساتھ جدید ترین الیکٹرانک وار فیئر کا حامل ہے۔ یہ اینٹی شپ اور اینٹی ایئر وار فیئر کی صلاحیتوں کا بھی حامل ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ جہاز ملٹی رول ہیلی کاپٹر کے ساتھ لمبے عرصے تک متعدد آپریشنز کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اس موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ نے کہا کہ جہاز کی شمولیت سے دور دراز بین الاقوامی پانیوں میں آپریشنل تیاریوں میں مزید اضافہ ہوگا۔