قومی اسمبلی میں ججز کیخلاف قرارداد کی مذمت کریں گے، بیرسٹر گوہر
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں ججز کیخلاف قرارداد کی مذمت کریں گے۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ آج بھی پی ٹی آئی کے ایم این ایز اور اتحادیوں نے بھوک ہڑتالی کیمپ لگایا، یہ کیمپ بانی پی ٹی آئی کی رہائی تک جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ آج توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی کی کسٹڈی دی گئی۔ہمیں سپریم کورٹ سے امید ہے، سارے کیس ختم ہوں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہمارے ورکرز، سپورٹرز کو اٹھایا جارہا ہے، پانچ تاریخ کو صوابی میں بڑا جلسہ ہوگا۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ کل قومی اسمبلی کے اجلاس میں اگر ججز کیخلاف کوئی قرارداد آئی تو ہم مذمت کریں گے، آج بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ تھوڑا ٹون ڈاؤن ہوجانا چاہیے۔
انہوں نےکہا کہ ہمیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، توشہ خانہ کیس بوگس ہے، توشہ خانہ کیس میں سے چوتھی بار کچھ نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پہلے بھی 200 غیر آئینی کیسز بنائے گئے، ہمیں عدلیہ سے امید ہے۔ جب بھی یہ کیسز آزاد عدلیہ کے سامنے آئے تو ردی کی ٹوکری میں جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ایم این ایز کو اٹھایا جارہا ہے، رہنماؤں کو ہراساں کیا جارہا ہے۔