پی ٹی آئی کو امید ہے شاید ستمبر نومبر کے بعد یہ حکومت میں آجائیں گے، خواجہ آصف
وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو امید ہے کہ شاید ستمبر نومبر کے بعد یہ حکومت میں آجائیں گے، مگر یہ ان کی خام خیالی ہے سیاست میں انھوں نے کتنے ہی پینترے بدلے ہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے متعلق بیان پر قائم ہوں انھوں نے پاؤں پکڑنے ہی پکڑنے ہیں، علیمہ خان نے پریس کانفرنس میں ترلے کی ٹون میں بات چیت کی، محمود اچکزئی سے پوچھوں گا کہ وہ ان کی طرف سے مذاکرات پر تیار بھی ہیں؟
خواجہ آصف نے کہا کہ کے پی میں ان کو 15 سال ہوگئے بجائے یونیورسٹی بنانے کے تعلیمی اداروں کی زمین بیچ رہے ہیں، اس وقت سب سے زیادہ دہشتگردوں نے کے پی کو ٹارگٹ کیا ہوا ہے، انھوں نے دہشتگردوں کو واپس لا کر آباد کیا، یہ ملک دیوالیہ کرکے گئے، آئی ایم ایف کو خط انھوں نے لکھے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ اس شخص کو سوائے اپنی ذات اور اقتدار کے کوئی چیز یا رشتہ عزیز نہیں، پی ٹی آئی والے صبح پراٹھوں کا ناشتہ کرکے آتے ہیں اور پھر بھوک ہڑتال کرتے ہیں، بھوک ہڑتالی کیمپ میں بیٹھ کر گپ شپ کرتے ہیں اور پھر چلے جاتے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ 2018 کا الیکشن یہ بھول گئے اور 2024 کا الیکشن ان کو یاد ہے، یہ ان کی حکمت عملی ہے کہ بھڑک مارو اگلے ڈر جائے تو ٹھیک ورنہ مذاکرات کی بات کرو۔