بلاول بھٹو سے میئر سکھر کی ملاقات، ترقیاتی کاموں اور بارشوں کی صورتحال پر بریفنگ
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری سے ترجمان سندھ حکومت و میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے آج بلاول ہاؤس میں ملاقات کی۔
اس موقع پر انہوں نے پارٹی چیئرمین کو سکھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور حالیہ بارشوں میں شہر سے نکاسی آب سے متعلق بریفنگ دی۔
ترجمان سندھ حکومت و میئر سکھر نے بریفنگ کے دوران بلاول بھٹو کو بتایا کہ 22 گھنٹوں کی موسلادھار بارش کے باوجود چند گھنٹوں میں شہر سے نکاسی آب کے عمل کو مکمل کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ میں بہت کام کیا ہے، جو عوام کے سامنے بہتر انداز میں پیش نہ ہوسکا۔
انکا مزید کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے تعلیم، صحت اور انفرا اسٹرکچر کے شعبوں میں مثالی کام کیے ہیں۔ ساحلی علاقوں میں کروڑوں مینگروز کے درخت لگائے ہیں جسے عالمی سطح پر بھی سراہا گیا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ تمام چیزیں میڈیا اور سوشل میڈیا پر لائی جائیں تاکہ دوسرے صوبوں کے عوام کو پتہ چلے کہ پیپلز پارٹی کتنا کام کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت نے ترقیاتی ایجنڈا کو فوکس رکھا ہے۔
اس موقع پر میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا کہ اولڈ سکھر کا 70 سالہ پرانا ڈرینیج کا مسئلہ حل کر دیا ہے۔ شہر کے تمام سولڈ ویسٹ اسٹیشنز کو اپ گریڈ کر دیا ہے جبکہ عالمی معیار کی یونیورسٹیوں کے قیام کے بعد سکھر شہر تعلیمی مرکز بن گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہر کی خوبصورتی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں جبکہ اربن فاریسٹ، گرین بیلٹ کے قیام اور شجرکاری ترجیحات میں شامل ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے میئر سکھر کو ہدایت کی کہ 11 اگست سے شروع ہونے والے بارشوں کے نئے اسپیل میں انتظامیہ کو ہائی الرٹ رکھا جائے اور بارشوں سے شہریوں کو محفوظ رکھنے کے لیے تمام وسائل استعمال کیے جائیں۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کرنے کےلیے پیشگی انتظامات کیے جائیں۔