منکی پاکس کی جانچ کے حوالے سے تمام ضروری آلات اور کٹس کی فراہمی یقینی بنائی جائے، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور بارڈرز پر منکی پاکس کے اسکریننگ کے نظام کو مؤثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ منکی پاکس کی جانچ کے حوالے سے تمام ضروری آلات اور کٹس کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
منکی پاکس کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت نے منکی پاکس کو پبلک ہیلتھ ایمرجینسی قرار دیا ہے، پاکستان میں بھی کڑی نگرانی کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے بارڈر ہیلتھ سروسز کو صورتحال کی بھرپور نگرانی اور سخت سرویلنس کی ہدایت کردی۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سینٹر کو منکی پاکس کی صورتحال پر گہری نظر رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منکی پاکس کی جانچ کے حوالے سے تمام ضروری آلات اور کٹس کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
وزیراعظم نے منکی پاکس کا پھیلاؤ روکنے کے حوالے سے صوبائی حکومتوں سے روابط بہتر بنانے اور اس کے حوالے سے مؤثر اور جامع آگاہی مہم شروع کرنےکی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منکی پاکس کے حوالے سے ہفتہ وار بریفنگ لیا کروں گا۔
اجلاس میں وزیراعظم کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ حال ہی میں ضلع مردان کے ایک شخص میں منکی پاکس وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، متاثرہ شخص روزگار کے سلسلے میں بیرون ملک مقیم تھا اور حال ہی میں پاکستان آیا، متاثرہ شخص کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے، حالت خطرے سے باہر ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان میں اس وقت منکی پاکس کی لوکل ٹرانسمیشن نہیں ہے، منکی پاکس کے حوالے سے این سی او سی نے نیشنل ایڈوائزری جاری کر دی ہے، سول ایوی ایشن منکی پاکس کے حوالے سے بیرون ملک سے آنے والی پروازوں کی نگرانی کرے گی، صوبائی حکومتوں اسلام آباد میں بڑے اسپتالوں میں آئیسولیشن وارڈز مختص کر دیے ہیں۔