وزیراعظم کا وائلڈ لائف سے متعلق نوٹیفکیشن واپس لینا قابل ستائش ہے، سپریم کورٹ
سپریم کورٹ نے وزیراعظم شہباز شریف کا وائلڈ لائف کو وزارت داخلہ کے ماتحت کرنے کا نوٹیفکیشن واپس لینا قابل ستائش قرار دیا ہے۔
عدالت عظمیٰ نے نیشنل پارک میں تجارتی سرگرمیوں سے متعلق کیس 15 اگست کی عدالتی کارروائی کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا ہے۔
تحریری حکم نامے میں کہا گیا کہ وزیراعظم کا وائلڈ لائف کو وزارت داخلہ کے ماتحت کرنے کا نوٹیفکیشن واپس لینا قابل ستائش ہے۔
حکم نامے میں مزید کہا گیا کہ جس انداز میں نوٹیفکیشن کے اجراء کا معاملہ مینج ہوا، اس پر سوال اٹھتا ہے، وزیراعظم جائزہ لیں۔
عدالتی حکم نامے میں یہ بھی کہا گیا کہ وزیراعظم جائزہ لیں کہ سیکریٹری کابینہ کی جانب سے ایڈوائس عوامی مفاد میں تھی یا اس کے برعکس۔
عدالتی حکم نامے میں کہا گیا کہ کیا سیکرٹری کابینہ نے وزیراعظم کو بتایا کہ مونال ریسٹورنٹ کامالک ان کا بھائی ہے؟
عدالت عظمیٰ نے معاملے میں مونال ریسٹورنٹ کے مالک کو توہین عدالت کا شوکاز نوٹس جاری کیا اور استفسار کیا کہ کیا چیئرمین وائلڈ لائف بورڈ کو ہٹانے کےلیے مونال ریسٹورنٹ کے مالک نے اپنے بھائی سیکریٹری کابینہ سے رابطہ کیا؟ سپریم کورٹ نے 2 ہفتے میں جواب طلب کرلیا۔