بانیٔ پی ٹی آئی کی بچوں سے بات کروانے کی درخواست، سپرنٹنڈنٹ جیل کی یقین دہانی
190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت کے دوران ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے احتساب عدالت کو بانیٔ پی ٹی آئی کی بچوں سے بات کرانے کی یقین دہانی کروا دی۔
اڈیالہ جیل میں خصوصی احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے بانیٔ پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف دائر 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت کی۔
بانیٔ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی کمرۂ عدالت میں موجودگی کے دوران ریفرنس کے تفتیشی افسر میاں عمر ندیم پر وکلاء صفائی نے جرح کی۔
بانیٔ پی ٹی آئی نے سماعت کے دوران عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ عدالتی حکم کے باوجود میری بچوں سے بات نہیں کروائی جا رہی۔
عدالت نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کو بانیٔ پی ٹی آئی کی بچوں سے بات کرانے کی ہدایت کی۔
ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل، طاہر شاہ نے عدالت کو بانیٔ پی ٹی آئی کی بچوں سے بات کرانے کی یقین دہانی کروائی۔
بعد ازاں عدالت نے ریفرنس پر سماعت 4 ستمبر تک ملتوی کر دی۔