اسلام آباد پولیس نے حکمت عملی سے منچلوں کو تفریحی مقامات سے دور رکھا
اسلام آباد پولیس نے حکمت عملی سے تفریحی مقامات پر منچلوں کو جانے سے روک دیا۔
اسلام آبا د پولیس نے عیدالاضحی کے ایام میں تفریحی مقامات پر صرف فیملیز کو جانے کی اجازت دی ہے۔
ڈی آئی جی آپریشن کے مطابق ہلڑ بازی روکنے کے لیے شہر کے 6 انٹری پوائنٹس پر ناکے لگائے گئے، عید کے 2 دنوں میں1 ہزار سے زائد موٹر سائیکلیں مختلف تھانوں میں بند ہیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق دامن کوہ، لیک ویو پارک سمیت دیگر تفریحی مقامات پر صرف فیملیز کو جانے کی اجازت دی گئی۔
ترجمان پولیس کے مطابق آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی عید کے دنوں میں سڑکوں پر موجود رہے، انہوں نے دورہ کرکے مختلف تفریحی مقامات کی سیکیورٹی کا جائزہ لیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق آئی جی اسلام آباد نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور ناکہ جات پر افسران سے ملاقات بھی کی۔
پولیس ترجمان کے مطابق آئی جی سید علی ناصر رضوی نے بہترین سیکیورٹی ڈیوٹی پر ڈی آئی جی اسلام آباد سمیت دیگر افسران کو شاباش دی۔
اس موقع پر آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ بہترین سیکیورٹی اقدامات سے شہر میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا، پولیس الرٹ ہونےکی وجہ سے ہلڑ بازی اور ون ویلنگ پر قابو پایا گیا۔