ڈیرہ بگٹی، خضدار میں بارشوں سے بڑے پیمانے پر نقصانات
بلوچستان کے اضلاع ڈیرہ بگٹی اور خضدار میں بارشوں سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصانات ہوئے ہیں، سوئی میں مکانات کی چھتیں گرنے کے واقعات میں دو افراد جاں بحق، 25 زخمی ہوگئے جبکہ خضدار میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
پی ڈی ایم اے حکام کے مطابق ضلع ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، سوئی میں طوفانی بارش کے دوران مکانات کی چھتیں گرنے کے واقعات ہوئے۔
سوئی میں چھتیں گرنے کے واقعات میں دو افراد جاں بحق، جبکہ 25 افراد زخمی ہوگئے، ڈیرہ بگٹی میں طوفانی بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔
پاک فوج، ایف سی اور پی ڈی ایم اے کا ریسکیو آپریشن شروع کردیا ہے، بارشوں سے متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے فیصل طارق نے بتایا کہ ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سوئی میں طوفانی بارش سے پیدا صورتحال کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے ایمرجنسی آپریشن شروع کردیا ہے۔
ایک ہزار خاندانوں کا راشن، ٹینٹ، کمبل، برتن اور دیگر سامان روانہ کردیا ہے، پی ڈی ایم اے حکام کے مطابق خضدار میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کو بلوچستان میں سب سے زیادہ گرمی سبی میں پڑی، جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ تربت میں 46 اور کوئٹہ میں 37 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو ژوب، موسیٰ خیل، شیرانی، سبی، جھل مگسی، بارکھان، ڈیرہ بگٹی، خضدار، قلات، آواران، لسبیلہ اور گرد و نواح میں آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔