News
لاہور میں بارش، کراچی میں گرمی برقرار
لاہور، گجرات اور مظفر آباد میں صبح سویرے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ کراچی میں گرمی کی شدت میں کمی نہیں آسکی ہے۔
کراچی میں آج صبح 7 بجے محسوس کیا جانے والا درجہ حرارت 38 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب لاہور شہر میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہورہی ہے جس سے حبس اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے۔
ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر آندھی/جھکڑ اور بارش کی توقع ہے۔
اتوار کو ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی، نوکنڈی میں 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔