بانی پی ٹی آئی کی اگر بھوک ہڑتال ہوگی تو یہ ملک گیر ہڑتال بھی ہوگی: فردوس شمیم نقوی
رہنما پاکستان تحریکِ انصاف فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ ہم اب مزید ظلم نہیں جھیلیں گے، بانیٔ پی ٹی آئی نے تیار رہنے کا حکم دیا ہے، بانیٔ پی ٹی آئی کی اگر بھوک ہڑتال ہوگی تو یہ ملک گیر ہڑتال بھی ہوگی۔
فردوس شمیم نقوی نے بانیٔ پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب احتجاج کال ہو جائے گا تو ہر کارکن کو نکلنا ہے، بانی پی ٹی آئی نے مہنگائی کے طوفان پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھوک ہڑتال تب ہوتی ہے جب اقتدار میں بیٹھے لوگ اپنے حقوق کے لیے بلند آوازیں سننا بند کر دیں، بانی پی ٹی آئی کی اگر بھوک ہڑتال ہوگی تو یہ ملک گیر ہڑتال بھی ہوگی۔
فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ کل کے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ہمیں انصاف کی کوئی امید نہیں، چاہتے ہیں کہ ان لوگوں کو اقتدار ملے جو عوام میں مقبول ہوں، جن کے پاس عوام کا مینڈیٹ ہو وہ اقتدار میں آئیں۔
فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ میرے پاس بہت سارے احکامات ایسے ہوتے ہیں جو مجھے کور کمیٹی میں بیان کرنے ہیں، یہ وہ حکم ہے جو بانی پی ٹی آئی نے مجھے ڈائریکٹ کہا کہ میڈیا پر بیان کرو۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے بھوک ہڑتال پر جانے کی دھمکی دے دی ہے۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے جیل میں ناروا سلوک پر بھوک ہڑتال پر جانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی پارٹی سے مشاورت کے بعد بھوک ہڑتال کی تاریخ دیں گے۔
ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے کل پارٹی رہنماؤں کو بلایا تھا انہیں نہیں ملنے دیا گیا، بانی پی ٹی آئی جیل میں اور رہنما جیل کے باہر 3 گھنٹے انتظار کرتے رہے۔