9 مئی کے واقعات کی جوڈیشل انکوائری تو ہر حال میں ہوگی، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات کی جوڈیشل انکوائری تو ہر حال میں ہوگی۔
پشاور ہائیکورٹ کی جانب سے 9 مئی کی جوڈیشل انکوائری کا مراسلہ واپس خیبر پختونخوا حکومت کو بھیجنے کے معاملے پر صوبائی حکومت کا ردعمل سامنے آگیا۔
ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخوا شاہ فیصل اُتمانزئی نے کہا ہے کہ جوڈیشل انکوائری کا معاملہ واپس صوبائی کابینہ میں لے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پشاور ہائیکورٹ نے نہیں بتایا کہ 1985 کے رولز آف بزنس کی کس شق کی خلاف ورزی ہوئی ہے؟
ایڈووکیٹ جنرل کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہائی کورٹ انکوائری نہیں کرنا چاہتی تو انکار کر دے، جس طریقہ کار پر جوڈیشل انکوائری کےلیے درخواست دی وہ بالکل صحیح تھا، عدالت نے خیبر پختونخوا حکومت سے مشورہ نہیں کیا اور جوابی مراسلہ بھیج دیا ہے۔
جیو نیوز سے گفتگو میں ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختوںخوا شاہ فیصل اُتمانزئی نے کہا کہ انہوں نے جوڈیشل انکوائری کا خط لکھنے سے پہلے چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ سے ملاقات کی تھی، اس ملاقات میں رجسٹرار پشاور ہائیکورٹ بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ ملاقات میں چیف جسٹس کو رول آف بزنس سے متعلق آگاہ کیا تھا اور یہ بھی آگاہ کیا گیا تھا کہ کس قانون کے تحت خط لکھ رہے ہیں، خط میں لکھا بھی ہے کہ کوئی ابہام یا مشورہ کی ضرورت ہو تو آگاہ کیا جائے۔