News

پیپلز پارٹی نے اقلیتوں کیلئے انقلابی اقدام کیے: وقار مہدی

وقار مہدی —فائل فوٹو
وقار مہدی —فائل فوٹو

معاونِ خصوصی وزیرِ اعلیٰ سندھ، جنرل سیکریٹری پیپلز پارٹی سندھ وقار مہدی نے اقلیتوں کے قومی دن کے حوالے سے کہا ہے کہ یہ دن تجدیدِ عہد کے لیے ہے کہ مذہب، رنگ اور نسل کی تفریق سے بالاتر ہوکر تمام پاکستانی یک جان ہیں۔

وقار مہدی نے کہا کہ صدر آصف زرداری نے اقلیتوں کا قومی دن منانے کا اقدام اپنے پہلے دورِ صدارت میں کیا تھا، یہ دن قوم کے لیے انمول تحفہ ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اقلیتوں سمیت تمام پاکستانیوں کی نمائندہ جماعت ہے، پیپلز پارٹی نے اقلیتوں کی اسمبلیوں سمیت تمام فیصلہ ساز اداروں میں نمائندگی کے لیے انقلابی اقدام کیے۔

معاونِ خصوصی وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ قومی و صوبائی اسمبلیوں پر غیر مسلم شہریوں کو منتخب کروانا پیپلز پارٹی کا طرۂ امتیاز ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ باعثِ فخر ہے کہ پیپلز پارٹی نے ملک میں پہلی بار ایک مسیحی پاکستانی کو ڈپٹی اسپیکر منتخب کروایا۔

وقار مہدی نے مزید کہا کہ سندھ ہمیشہ کی طرح رواداری اور قومی اتحاد کا گہوارہ ہےجہاں اقلیتیں محفوظ ہیں۔

اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ آئیں عہد کریں کہ ہم اپنے غیر مسلم ہم وطنوں سے کسی قسم کی ناانصافی نہیں ہونے دیں گے اور ایسا معاشرہ بنائیں گے جہاں تمام مذاہب کے لوگ بھائی چارے اور عزت و وقار سے رہ سکیں۔




Source link

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button