وزارتِ داخلہ کی ہدایت پر موبائل فون و ڈیٹا سروسز بند کی گئیں: پی ٹی اے
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے ) کا کہنا ہے کہ آج حضرت امام حسین رضی اللّٰہ عنہ کے چہلم کے موقع پر وزارتِ داخلہ کی ہدایت پر مبوائل سروسز معطل کی گئی ہیں۔
پی ٹی اے کے مطابق سندھ میں کراچی، حیدر آباد، خیر پور، لاڑکانہ، سکھر، شکار پور میں موبائل فون اور ڈیٹا سروس بند ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے مطابق موبائل فون و ڈیٹا سروسز بند کرنے کا فیصلہ امن و سیکیورٹی برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ شہدائے کربلا ؓکا چہلم آج عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے، ملک کے مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں چہلم کے جلوس نکالے جا رہے ہیں۔
سندھ حکومت نے اس موقع پر چھوٹے بڑے شہروں میں موبائل فون اور ڈیٹاسروس بند کر دی ہے۔
ملک بھر کے دیگر حساس علاقوں میں بھی موبائل فون سروس بند رہنے کا امکان ہے۔
امن و امان کی صورتِ حال کے پیشِ نظر سیکیورٹی کے سخت انتظامات اور جلوسوں کی فضائی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔
سندھ بھر میں آج موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہے۔