نجی بینک کے رائیڈر سے 6 ہزار ڈالرز چھین لیے گئے
کراچی کے علاقے شریف آباد میں نجی بینک کے رائیڈر سے مسلح ملزمان مبینہ طور پر 6 ہزار ڈالرز (تقریباً پونے 17 لاکھ روپے) اور موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے ہیں۔
پولیس کے مطابق واقعے کی تفتیش شروع کردی گئی، جلد ملزمان کو گرفتار کرلیا جائے گا۔
پولیس کے مطابق رائیڈر ابرار حسین نجی بینک میں کام کرتا ہے، جو آج اپنے برانچ منیجر زاہد نور کے کہنے پر برانچ منیجر کے لیاقت آباد ڈاکخانہ میں واقع گھر آیا تھا۔
برانچ منیجر نے اُسے گھر سے ایک لفافہ اور ڈاکخانہ سے کھانا لانے کا بھی کہا۔
پولیس کے مطابق رائیڈر ابرار نے برانچ منیجر کے گھر پہنچ کر اس کے بیٹے سے ایک لفافہ لیا، جو اس نے مبینہ طور پر موٹر سائیکل کے سائیڈ پاکٹ میں رکھ لیا۔
پولیس کو رائیڈر نے بتایا کہ غریب آباد انڈرپاس پر موٹر سائیکل پر سوار 2 افراد نے اسے روک کر اس کا مہنگا فون اور لفافہ چھین لیا، ملزمان نے اسلحہ نہیں دکھایا تھا۔
ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی نے واردات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کے احکامات دیے ہیں۔