پی ٹی آئی اداروں پر حملہ آور ہورہی ہے، طارق فضل چوہدری
مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اداروں پر حملہ آور ہو رہی ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں طارق فضل چوہدری، سینیٹر فیصل واوڈا اور بانی چیئرمین کے وکیل انتظار پنجوتھا نے شرکت کی۔
دوران پروگرام طارق فضل چوہدری نے کہا کہ کیا ہم نے ماضی سے سبق سیکھا، یہی بات نواز شریف کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اس سے آگے بڑھ کر بات کر رہی ہے، یہ افسران کی تصاویر لگا کر مہم چلا رہے ہیں۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے ویڈیو کے بارے میں پہلے کہا کہ امریکا سے اپ لوڈ ہوئی ہے، اب جا کر بانی پی ٹی آئی نے ویڈیو کو اون کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ اداروں پر حملہ آور ہو رہے ہیں، فتنہ اور انتشار کی سیاست میں زد میں ادارے آجاتے ہیں، قومی سلامتی اور عدلیہ کے ادارے قابل احترام ہیں۔
طارق فضل چوہدری نے یہ بھی کہا کہ کچھ فیصلے ایسے بھی ہوئے ہیں کہ عدلیہ کو بھی ان کا دفاع کرنا مشکل ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان میں 400 کیسز ٹریبونلز کے پاس تھے، ہم نے اعتراض یہ کیا کہ صرف ہمارے کیسز پر فیصلے کیوں ہوتے ہیں۔