ثنا اللّٰہ مستی خیل کی معطلی حکومت کو بھولنے نہیں دیں گے، اپوزیشن رہنما
اپوزیشن اراکین اسمبلی کا کہنا تھا کہ ثنا اللّٰہ مستی خیل کی معطلی کو یاد رکھیں گے اور حکومت کو بھولنے نہیں دیں گے۔
اسلام آباد میں پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ جذبات میں ایسے الفاظ ادا ہوجاتے ہیں، غلطی ہوجاتی ہے۔ مستی خیل 22 سال سے اسمبلی میں ہیں، کبھی ایسی غلط بات نہیں کی۔
انکا کہنا تھا کہ ثنا اللّٰہ مستی خیل کے الفاظ کا جواز پیش نہیں کر رہے۔ ہم نے کہا کہ ایک دن یا تین دن کےلیے مستی خیل کو معطل کریں۔
ایوان میں اتنی اہم کارروائی ہو رہی ہے، فنانس بل کو حکومت منظور نہ کروا سکے تو وہ ختم ہوجاتی ہے۔ یہاں ایوان میں ووٹنگ بہت ضروری ہے۔ ہم نے کہا کہ ایم این اے کو پورے سیشن میں معطل نہ کریں۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ مستی خیل کو پورے سیشن کےلیے معطل کیا گیا، اس پر پارلیمنٹ کے اندر اور باہر احتجاج کریں گے۔
انکا کہنا تھا کہ ہم بانی پی ٹی آئی کی رہائی کےلیے کل بھی ایسے ہی پُرامن احتجاج کریں گے۔
اپوزیشن لیڈر شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ بجٹ کے اہم سیشن میں معطل کر کے 10 لاکھ لوگوں کو نمائندگی سے محروم کیا گیا۔ یہ قابل مذمت ہے، نان ایشو کو اتنا ایشو بنایا گیا۔
اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما اور رکن پارلیمنٹ زرتاج گل نے کہا کہ میں کسی کی بھی نازیبا زبان کو سپورٹ نہیں کرتی۔ اس ایوان میں ن لیگ نے جو زبان استعمال کی وہ بھی سب جانتے ہیں۔
زرتاج گل کا کہنا تھا کہ مراد سعید اور دیگر لوگوں کے بارے میں یہ لوگ کیسی زبان استعمال کیا کرتے تھے۔ شیریں مزاری کو کیا کیا نہیں کہا گیا۔
انہوں نے کہا کہ مستی خیل نے کسی کو ٹارگٹ کر کے بات نہیں کی۔ ان کی زبان پھسل گئی تھی۔ ثنا اللّٰہ مستی خیل فلور پر معافی مانگنے کو تیار ہیں۔